Monday, December 8, 2014

PTI PROTEST IN FAISALABAD


بری مثالیں برے نتائج

تحریک انصاف کو مبارک ہو۔۔۔ اسے سیاست کےلیے ایک لاش مل گئی۔۔لیکن افسوس یہ لاش میرے اور آپ جیسے ایک غریب مزدور کی ہے،کسی سیاسی لیڈر یا سیاسی تاجر کی نہیں اور قیامت تک ہوبھی نہیں سکتی کہ لیڈرلاش پر سیاست چمکانے اس وقت پہنچتے ہیں جب راستہ صاف ہوچکاہوتا ہے۔ لیڈرکی نفرت بھری تقریروں کو سچ سمجھ کر پاگل عوام جب جان دینے
نکلتے ہیں تو ان کے لیڈرصرف ٹی وی چینلزاور اب سوشل میڈیا پر انہیں کٹ مرنے اور بہادری کا درس دے رہے ہوتے ہیں ۔فیصل آباد میں بھی یہی ہواغریب کے بچے اسکولوں کے بجائے اندھے ہجوم میں پہنچ گئے جبکہ لیڈروں کے بچے پاکستان سے ہزاروں میل دور مغرب کے پوش علاقوں میں قائم اسکولوں میں حکمرانی اور سیاست کی تعلیم حاصل کرنے میں مصروف تھے ان کا سکول بند کراگیا نہ انہیں ایسے کسی مظاہرے میں زبردستی لےجایاگیا۔پھر ہمیں پاگل نہ کہاجائے تو کیا کہاجائے؟


عجب منطق ہے کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے لیکن وزیرستان سے اپنا گھر چھوڑکربنوں آنے والوں کو یہ حق حاصل نہیں ہے وہ ٹھنڈ سے مرجائیں یا بھوک سے جان چلی جائے انہیں راشن نہ ملے خیمے نہ ملیں، لیکن احتجاج کریں گے تو پولیس مارے گی وہ ٹھیک لیکن فیصل آباد میں مظاہرین احتجاج کریں میری آپ کی دکان بند کرائیں دفترجاتے غریب کی گاڑی کو تختہ مشق بنادیں تو ان کو مارنا غلط،کفراور ملک دشمنی ؟ ہم منافقت سے کب باہر نکلیں گے؟ایک صوبے کا وزیراعلٰیٰ کنٹینر پر کھڑے ہوکر اعلان کرے کہ آج مولانا فضل الرحمان نے راستے بند کرادیے اگر کل بند کیے تو انہیں سڑکوں پر بالوں سے پکڑکر گھسیٹیں گے،اس اعلان پر نعرے اور ڈانس لیکن دوسرے صوبے میں راستے، دکانیں، کاروبار بند کرانے والوں پر لاٹھی چارج سے بنیادی انسانی حقوق خطرے میں ۔ٹھیک ہے بھئی پنجاب ہی غریب کی جورو ہے یہاں سب جائز ہے۔

نفرت کے پرچار سے کبھی محبت کی فصل نہیں اگ سکتی ہے افسوس اس بات پر کہ محبت کےمذہب کے پیروکاروں نے نفرت کو اثاثہ بنالیا،اس میں کسی کو استثنیٰ نہیں مولوی،سیاستدان ،لیڈر،حکمران سب کا کاروبار نفرت کی تبلیغ سے پھیل رہاہے ۔کون ہے جو محبت کادرس دے رہاہے؟نئے پاکستان کی بنیاد بھی اسی نفرت پر رکھی جارہی ہے عمران خان کہتے ہیں کہ انصاف کے سب دروازے بند کیے گئے اس لیے سڑکوں پر ہیں ۔۔خان صاحب کون سا دروازہ بند ہوا؟ آج آپ کی درخواست پر ٹریبیونل نے بغیرثبوت پیش کیے بھی چارحلقوں میں شامل لاہور کاحلقہ 122کھولنے کا حکم دےدیاہے اگر سب دروازے بند ہیں تو یہ کون سا دروازہ ہے کہ آپ کی صرف ایک پیشی سے فیصلہ آپ کے حق میں آگیا؟اب تصدیق ہوگی نتائج آنے کا انتظارکریں آپ کے پاس موقع ہے آپ باقی سب کرپٹ لوگوں کی طرح کیوں پیش آرہے ہیں؟آج اس فیصلے کےبعد اعلان کریں کہ عدالتی عمل چل نکلاہے احتجاج ختم کرتاہوں ۔عدالتی فیصلے کے بعد احتجاج اور غریبوں کو مروانے سے آپ کے عزائم پر سوا ل اٹھنا فطری عمل ہے ۔

فیصل آباد میں آج جو بھی ہوا، ن لیگ نے کیا یا تحریک انصاف نے، یہ مثالیں اس ملک کےلیے اچھی نہیں ہیں ۔لیبیا اور شام جیسے ممالک دنیا میں اچھی نگاہ سے نہیں دیکھے جاتے ایسے ممالک دنیا سے کٹ جاتے ہیں برباد ہوجاتے ہیں ۔خداراخان صاحب آپ اس ملک پر حکومت کے خواب دیکھ رہے ہیں اگر ایسی مثالیں قائم کرنے کےبعد آپ اقتدار کے وارث بن بھی گئے تو کتنے دن آپ حکومت کرپائیں گے کیا یہی سب کچھ آپ کے ساتھ نہیں ہوگا؟پھر کس کوالزام دیں گے؟ لوگ چیخ چیخ کرکہیں گے کہ خان صاحب یہ سب کچھ آپ ہی کی ایجاد ہے ۔آپ نے دھاندلی اجاگر کرنے کی مہم چلائی اچھا کیا لوگوں میں شعور آیا اچھا ہوا لیکن آج جو فیصل آباد مٰیں ہوا وہ اچھا نہیں ہوا۔آپ اگر شعوراجاگر کررہے ہیں تو اس کا پھل کھانے کےلیے اگلے الیکشن کا انتظار کریں۔ گرم گرم کھائیں گے تو منہ جل جائے گا زبان بولنے کے قابل نہیں رہے گی ۔۔میرے پی ٹٰی آئی کےدوست قبول کریں یا نہ کریں آج جو کچھ فیصل آباد میں ہورہا ہے اس میں ان کے قائد اور نئے پاکستان کے بانی جناب عمران خان اور ان کے قبیلے کے ساتھیوں خاص طور پر متروک و مکروہ شیخ رشید جیسے عاقب نااندیش اور صرف نوازشریف کی نفرت میں اندھے ہوکر لوگوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے والے انسان کا ہاتھ ہے جس کو کامیاب کرنے کےلیے ن لیگ نے پوراحصہ ڈالا۔آج جاوید ہاشمی بھی بہت یاد آئے۔۔۔


No comments: