Sunday, November 2, 2014

MISBAH RESHAPING CRICKET HISTORY


مصباح الحق۔۔ٹُک ٹُک سے ٹکاٹک تک

میاں والی کا ایک نیازی اسلام آباد کے ڈی چوک پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے میں مصروف ہے تو دوسرے نیازی نے دبئی میں آسٹریلیا کی عزت کاجنازہ نکال دیا ہے پہلے نیازی کی پرفارمنس سے تو بہت سے لوگوں کو اختلاف ہوسکتاہے بلکہ اچھا خاصا اختلاف ہے اسے پاکستان کی ترقی میں بڑا۔۔روڑا۔۔کہا جارہا ہے لیکن دبئی والے نیازی نے دنیا میں اپنی کرکٹ کے ذریعے پاکستان کی جے جے کار کراڈالی ہے ۔میاں والی سے تعلق رکھنے والے چالیس سالہ ایم بی اے مصباح الحق نے آج واقعی ٹیم کی قیادت کی ہے ۔بگ تھری کے ایک بڑے چودھری 

آسٹریلیا کی عزت  پاکستان کے بگ تھری (یونس،مصباح اور اظہرعلی) نے جس طرح نیلام کی ہے اس کی مثالیں کرکٹ کی تاریخ میں کم ہی ملیں گے۔


ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز جیتنے کےبعد آسٹریلیا کی ٹیم کا مورال اچھا خاصا بلند تھا لیکن پہلے ٹیسٹ میں ہی ہر گزرتا دن کینگروز کی شرمندگی میں اضافہ کرتا رہا یہ سلسلہ اس وقت عروج پر چلا گیا جب دنیا میں اپنی سست رفتار بلے بازی کے تاثر کی وجہ سے مشہور مصباح (جن کو اسی وجہ سے ٹی ٹونٹی سے باہر کردیا گیا) نے ٹیسٹ کو ہی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تبدیل کرکے کینگروز کو نچا ہی ڈالا۔مصباح الحق نے دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے دن یونس خان کے آؤٹ ہونے کےبعد بلا سنبھالا تو آتے ہی جارحانہ موڈ بنالیا،ایک ہی اوور میں 3چھکے اور ایک چوکا لگا کر اسٹیون اسمتھ کی عزت کافالودہ بنادیا۔ایک اوور میں 23رنز تو ٹی ٹونٹی میں بھی کبھی کبھی ہی بنتے ہیں۔صرف 24منٹ کی بلے بازی کےبعد مصباح الحق ٹیسٹ ہسٹری میں تیز ترین ففٹی کا سنگ میل عبور کرچکے تھے اس سے پہلے یہ ریکارڈ افریقی بلے باز جیک کیلس کے پاس تھا اور اور پاکستان میں یہ اعزاز شاہد خان آفریدی کو صاحل تھا جنہوں نے 26گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیاتھا۔ مصباح الحق آج ہی بہت کچھ کرنے اور بہت سی زبانیں بند کرنے کےموڈ میں تھے انہوں نے اور بہت سے ریکارڈزنشانے پر رکھے اور آگے بڑھنے لگے اگلا ہدف ٹیسٹ ہسٹری میں تیز ترین سنچری تھی جس کاریکارڈ لیجنڈری بلے باز ویسٹ انڈیز کے سرویوین رچرڈکے پاس تھا،میانوالی کے نیازی آگے بڑھے اوریہ ریکارڈ برابر کرڈالا،صرف 56گیندوں پر سیکڑا داغ کر دنیا کو تبصروں کےلیے چھوڑدیا۔۔مصباح الحق سے پہلے جس پاکستانی کے پاس تیز ترین ٹیسٹ سنچری کا اعزازتھا وہ میاں  والی کے پہلے خان کے کزن ماجد خان تھے۔جنہوں نے 74گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔یوں ٹُک ٹُک نے کینگروز کا ٹکاٹک بناڈالا۔

اس سیریز میں اظہر علی نے بھی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کیں۔پاکستانیوں نے کینگروز کو بتادیا کہ چاہے کرکٹ سے کمائی کرنے والے بگ تھری آسٹریلیا،انگلینڈ اور بھارت ہوں لیکن پرفارمنس میں بگ تھری پاکستان کے یونس،مصباح اور اظہر علی ہیں۔یہ سیریز اگر کسی پاکستانی کےلیے نامہربان رہی ہے تو وہ ہیں سابق ٹی ٹونٹی کپتان اور آفریدی کے ساتھ ساتھ مصباح کی جگہ لینے کے امیدوار محمد حفیظ ،جنہوں نے اس سیریز میں کوئی خاص کام نہیں دکھایا۔


آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل یہ سیریز پاکستان کےلیے کئی لحاظ سے یاد گار رہے گی بلکہ ایک سنہری یادگار بنے گی۔اس سیریز میں سلیکٹرزکیطرف سے باہر کیے گئے یونس خان نے انہی سلیکٹروں کو اپنی بہترین پرفارمنس سے شرمندہ کردیا۔یونس خان نے ان دو ٹیسٹوں میں ایک ڈبل سنچری اور تین سنچریاں بناکر پاکستان کے سب سے زیا دہ سنچری میکر کا ریکارڈ بھی انضمام الحق سے چھین کر اپنے نام لکھوالیا،یونس خان مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنانے والے چوتھے پاکستانی بن گئے اس سے پہلے یہ کارنامہ ظہیر عباس،مدثرنذر اور محمد یوسف نے کیا تھا،یونس خان آسٹریلیا کےخلاف مسلسل تین سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے اس سے قبل 90سال پہلے یہ کام انگلینڈ کے بلےبازہربرٹ سٹکلف نے کیا تھا۔

نجم سیٹھی صاحب جو ایک سال میں پی سی بی سے آئی سی سی کا سفر طے کرچکے ہیں ان کا کہناہےکہ اس پرفارمنس کا کریڈٹ سلیکٹروں اور کوچز کو ملنا چاہیئے تو نجم صاحب ویسے یہ یہ پرفارمنس سلیکٹرزکی وجہ سے لگتی ہے لیکن جس پہلو سے آپ کہتے ہیں اس پہلو سے ہرگز نہیں یہ ان سلیکٹرزسے انتقام ہے جنہوں نے یونس خان کا کیرئیر ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا اور شاہد خان آفریدی کو مصباح کی گدی پر بٹھانے کا پکا پلان بناچکےتھے ۔۔ویسے جس کو بھی کریڈٹ دینا ہے جلدی دیدی کوئی پتہ نہیں کل ڈی چوک پر بیٹھا نیازی یہ اعلان کردے کہ ٹیم کی پرفارمنس بھی ان کے دھرنے کی وجہ سے اچھی ہوئی ہے۔۔۔ان کی ٹیم کے ایک رکن اسد عمر تو کہ ہی چکے ہیں کہ تبدیلی آگئی ہے۔۔۔۔۔۔

No comments: