چڑیا اور چڑے۔۔۔
نجم عزیز سیٹھی صاحب جب سے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب بنے ہیں نظر آنے سے بھی گئے۔ پہلےتو ہفتے میں
تین دن ٹی وی پر نظر آجاتے تھے۔۔ٹی وی پر ہوتے تھے تو ان کی چڑیا انہیں عوام کے
مسائل،سیاسی ہلچل اور سازشوں کے بارے میں باخبر رکھتی تھی ۔وہ بڑے درد کے ساتھ ان
پر تبصرہ اور تجزیہ کرتے تھے ۔میں ذاتی طور پر ان کے تجزیے پسند کرتا تھا۔
جب سے وزیر اعلیٰ بنے ہیں محسوس ہوتا ہے کہ اب چڑیا کی ان تک رسائی نہیں رہی ۔ان کے ارد گرد سیکریٹریزکی صورت میں اتنے چڑے آگئے ہیں کہ ان کی وہ چڑیا جو انہیں خبریں دیتی تھی اب ان تک نہیں پہنچ پارہی۔۔لیکن خبروں والی چڑیا کی کہانی بڑی عجیب ہے اس چڑیا نے خبر ہر صورت دینا ہی ہوتی ہے لینے والے بدلتے رہتے ہیں ۔۔یہ بالکل ضروری نہیں کہ لینے والا نجم سیٹھی ہی ہو۔۔چڑیا کی عادت اس کی مجبوری ہے اس نے وہ عادت ہرصورت پوری کرنا ہوتی ہے خبر لینےوالے تک جب اس چڑیا کی رسائی نہ ہورہی ہو تو چڑیا اور گھر تلاش کرتی ہے وہ گھر شاہین صہبائی کابھی ہوسکتا ہے اور انصار عباسی کا بھی۔
پنجاب میں نگران حکومت آئی تو ساتھ ہی خسرہ کی وبا
بھی آگئی اب تک پنجاب میں پینتالیس بچے اس بیماری کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں ۔بیماری
سامنے آئی تو چڑیا یہ خبر بھی دے گئی پنجاب میں گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے خسرے کی ویکسین
خریدی ہی نہیں گئی اور ہماری سوسائٹی کے وطیرے کے عین مطابق جن میڈیکل اسٹوروں پر
ویکسین موجود ہے وہاں بلیک میں بیچی جارہی ہے اس ساری صورتحال میں پنجاب حکومت بے
بس دکھائی دیتی ہے ۔نگران وزیراعلیٰ کے ارد گرد موجود چڑے نجم سیٹھی کی چڑیا کو ان
تک یہ خبر پہنچانے سے روک رہے ہیں۔
نجم عزیر سیٹھی ایک لبرل طبقے کے نمائندہ ہیں بسنت
منانے کے وہ حامی رہے ہیں اور ان کی خواہش تھی کہ وہ وزیر اعلیٰ بننے کےبعد اس
خواہش کو پورا کریں گے۔اس عہدے کے بعد انہوں نے لاہور میں بسنت منانے کا اعلان بھی
ڈھکے چھپے الفاظ میں کردیا لیکن اس اقدام کی اتنی مخالفت ہوئی کہ سیٹھی صاحب کو یہ
اعلان واپس لینا پڑا۔
اب سب سے اہم مسئلہ ۔۔جی لوڈشیڈنگ جس کی آگ میں پوار پنجاب جل رہا ہے ۔۔باقی شہروں کا تو ذکر ہی کیا لاہور جیسے شہر میں اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول ہے ۔۔سوچتے ہوئے بھی شرم آتی ہے کہ ہم لاہور کے شہری چوبیس گھنٹوں میں صرف چھ گھنٹے بجلی حاصل کرپاتے ہیں۔۔اس بری صورتحال میں پنجاب کی نگران حکومت کی طرف سے کوئی صدا بلند نہیں ہورہی ۔ہمیں معلوم ہے کہ اس صوبے کے نگران وزیر اعلیٰ جو سات کلب روڈ پر منتقل ہوچکے ہیں، گو کہ اس جگہ نہ پرویز الٰہی رہے نہ شہبازشریف لیکن نجم سیٹھی نے اس عظیم الشان جگہ کو رہائش کےلیے منتخب کیا،اس گھر میں یقینا لوڈشیڈنگ کا گزر نہیں ہوگا لیکن جو اس شہر کے دوسرے حصوں میں رہ رہے ہیں ان کےلیے کوئی صدا کو ئی اقدام ؟ لیکن کچھ نہیں ۔
لوڈشیڈنگ کا گزر تو شہبازریف کے گھر بھی نہیں تھا لیکن نمائشی ہی صحیح انہوں نے ٹینٹ ہاؤس قام کیے اور ہر روزخود وہاں بغیر بجلی کے بیٹھ کر ہاتھ کا پنکھا ہلاتے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتے رہے ۔لیکن نگران وزیر اعلیٰ نے کمال مہربانی کرتے ہوئے وہ کام کیا جس کےخلاف شہبازشریف پانچ سال ڈٹے رہے یعنی ہفتے میں دو چھٹیاں ۔۔پنجاب کی نگران حکومت نے دوچھٹیوں کا فیصلہ کرکے اہل پنجاب پر مہربانی کی اور اپنے تئیں سمجھ لیا کہ اس قدام سے لوڈشیڈنگ ختم ہوگئی ۔۔وہ رہے نگران حکومت ۔۔سیٹھی صاحب مسائل کی نشاندہی بہت کچھ ہے،سب کچھ نہیں ۔سب سے بڑا مسئلہ ان کا حل تلاش کرنا ہے جو اس وقت آپ کے ہاتھ میں ۔۔الیکشن تو ہوہی جائیں گے لیکن آپ کی دوماہ کی حکومت میں یاد رکھنے کو کچھ تو ہو۔۔۔!
ہاں ایک کام جو نجم سیٹھی صاحب نے کیا اس کا ذکر آخر میں ضروری ہے ورنہ ناانصافی ہوگی ۔۔نگران وزیراعلیٰ نے اندرون شہر میں پانی کی قلت کا نوٹس لیتے ہوئے اس علاقے میں پانی فراہم کرنے کاسختی سے حکم دیا ہے ۔ان علاقوں میں بادشاہی مسجد کے اردگرد کے علاقے شامل ہیں ۔۔اب اس بات کی خبر بھی کوئی چڑیا جلد یا بدیر دے ہی دے گی کہ نجم صاحب اس علاقے پر اتنے مہربان کیوں ہیں ؟
No comments:
Post a Comment