Saturday, February 21, 2015

PAKISTAN CRICKET TEAM....A DAY DREAMING


!ہم توجیتیں گے

تحریر پڑھنے سے پہلے اونچی آواز میں یہ گانا لگائیں یا پھر خود گائیں کہ 
۔۔۔ہم ہیں پاکستانی ہم تو جیتیں گے۔۔
یہ گانا اس وقت ہر پاکستانی کے دل کی آواز ہے لیکن یہ آوازابھی تک قومی کرکٹ ٹیم تک شایداس لیے نہیں پہنچ سکی کہ وہ
بیچارے دیار غیر میں قوم کےلیے سخت ترین محنت میں مصروف ہیں لیکن اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر تھوڑی ہے۔۔۔


پریشانی کی کوئی بات نہیں ابھی تک ہارنے شارنے کا جو بھی کچھ ہوا ہےاس کو بھول جائیں اورپرامید ہوکرآگے کی طرف دیکھیں کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ اٹھانے سے صرف سات میچوں کی دوری پرہے۔۔۔اپنےپول کےاگلے چاروں میچ جیت کرکوارٹرفائنل اورپھر سیمی فائنل اور اس کے بعد 1992کی طرح ورلڈ چیمپئن بننے سے پاکستان کو کوئی نہیں روک سکے گا۔۔

ایک بار پھر قوم کی دعائیں اوراللہ کی مدد رنگ لانے والی ہے۔ یکم مارچ کو زمبابوے کے خلاف دونوں اوپنرزناصر جمشید اور احمد شہزاد صرف 12اوورزمیں سورنزکا اوپپنگ اسٹینڈ ٹیم کوفراہم کریں گے۔

یونس خان ایک بار پھر آئرن مین بن کرمخالف بالروں کے سامنے ڈٹ کرکھڑے ہوجائیں گے اوریوں لگے گا کہ انہوں نے ابھی ڈیبیو کیا ہے اور مزید 10سال بھی کرکٹ کھیلیں تو فٹ رہیں گے ۔۔۔ اپنے شیردل کپتان مصباح الحق ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرکےپورے کیریئر میں سنچری نہ ہونےکاریکارڈ قائم ہونےسےبچالیں گے

عمراکمل اب وکٹوں کے پیچھے کوئی کیچ ڈراپ نہیں کریں گےاوراسٹمپ بھی نہیں چھوڑیں گے رنز تو آپ کو پتا ہی ہے وہ پہلے بھی بناہی رہے ہیں۔۔ بوم بوم  شاہد خان آفریدی بھائی بھی آپ کو جوانی کے رنگ میں رنگے نظر آئیں گے وہ صرف 15گیندوں پرپچاس رنزبناکرنیوزی لینڈ کےبرنڈن میکولم جنہوں نے حال ہی میں تیز ترین ففٹی کاریکارڈ قائم کیاہے،سے تیز ترین ففٹی 
بنانےکاریکارڈ دوبارہ چھین لیں گے۔۔

دوسری طرف بالرززنزکھانےکےبجائےوکٹوں کی لائن لگادیں گے۔۔محمدعرفان مچل جانسن اور سہیل خان ڈیل اسٹین بن کر مخالف صفوں کو چیر کر رکھ دیں گےتویاسرشاہ کی پرفارمنس  دیکھ دیکھ کرکرکٹ شائقین کوشین وارن ایک عام سا بالر محسوس ہونے لگے گا۔۔۔

یواے ای ،آئرلینڈ اورجنوبی افریقا کوعبرتناک شکستیں دےکرقومی ٹیم کوارٹرفائنل میں پہنچےگی یہاں سےاس کوسیمی فائنل اورپھرورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے سے روکنا کسی کے بس کی بات نہیں رہے گی ۔۔۔اس طرح شاہین 1992کی طرح ایک بارچیمپئن بن کربھارت کی چھاتی پر مونگ

دلتے ہوئے اس کادوبار ورلڈ کپ جیتنے کاریکارڈبرابرکردیں گے شاہینوں کی واپسی  پاکستان کے گلی کوچوں میں مصباح الیون کے استقبالی جلوس نکل رہےہوں گے۔۔۔وزیراعظم 1992کی طرح قومی ٹیم کےلیے پلاٹوں اور نقد انعامات کی برسات کردیں گے۔۔پوری قوم مصباح ،یونس خان،آفریدی وغیرہ سے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی اپیلیں کرتی نظرآئے گی۔اور یوں وہ بھی قوم اور کرکٹ  کےوسیع ترمفاد میں ارادہ بدلتےہوئےریٹائرمنٹ کافیصلہ واپس لےکرورلڈ کپ 2019تک کھیلنےکااعلان کردیں گے۔


توجناب آپ کا کیا خیال ہے۔۔۔ہمارا خیالی پلاؤ تیار ہے اور کھانے کےلیےقومی ٹیم اور پی سی بی کےعلاوہ سب کو دعوت عام ہے۔۔۔۔۔

No comments: