Friday, October 24, 2014

PAKISTAN,S JUDICIAL SYSTEM

توہین عدالت۔۔؟
(ایک تلخ مکالمہ)

آدھی پارلیمنٹ بھی گھر چلی جائے تو کوئی پروا نہیں ،صادق اور امین کا فیصلہ کرکے رہیں گے
مائی لارڈ۔۔۔اس وقت کیوں ؟جب الیکشن ہورہاتھا ،سکروٹنی کے وقت کیوں نہیں؟
ہمارے پاس تو کیس اب آیا ہے ۔۔۔بلدیاتی الیکشن آرہا ہے ہمیں مثال قائم کرنی ہے۔۔
حضور اس وقت اگر آپ نے وزیر اعظم کونااہل کردیا تو سب اس کو سیاسی فیصلہ کہیں گے ۔۔۔ایک اور بدنامی آپ کے ادارے کے گلے پڑجائے گی
ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتال۔۔جو کوئی جیسا چاہے کہتاپھرے ہم نے آئین دیکھنا ہے۔۔
کیا صرف آپ نے ہی آئین دیکھنا ہے۔۔آپ کے ماتحت عدلیہ نے آئین کیوں نہیں دیکھنا ؟
ہم صرف اپنے جوابدہ ہیں کوئی کیا کرتا ہے یہ اس کا معاملہ ہے۔۔
مائی لارڈ۔۔۔باہر اسکرپٹ کی باتیں چل رہی ہیں ۔۔سپریم کورٹ کو اس کا حصہ بتایا جارہا ہے ۔۔


ہم کسی اسکرپٹ کو نہیں جانتے ہمیں صرف کیس دیکھنا ہے ۔۔
حضور آپ پوراسسٹم ٹھیک کرنے کی بات کیوں نہیں کرتے؟صرف جزئیات کے پیچھے ۔۔اپنے اپنے دائرے میں سبھی گول گھومے جارہے ہیں ۔۔تھکے جارہے ہیں ۔۔کس کا بھلا کررہے ہیں؟
ہمارا کام سپریم کورٹ میں معاملات کے فیصلے دینا ہے ۔۔جنٹل مین۔۔
کیسے فیصلے کیا ویسا ہی فیصلہ جو آپ نے این آراو کا دیا؟
ہمیں فخر ہے کہ ہم نے اس خلاف آئین کام کو ختم کیا۔۔
تو کیا وہ ختم ہوگیا۔۔حضور؟اس معاہدہ کرنے والے کا کیا بنا؟اس کو کالعدم کیا یانہیں؟
سزا دینا حکومت کا کام ہے ،ہمارا نہیں۔۔۔
اگر حکومت سزانہ دے تو اس کو کون سزا دے گا؟
ہمارے پاس ایسا کوئی کیس آئے گا تو اس کو بھی دیکھ لیں گے۔۔
حضور آپ نے سوئس کیس میں ایک وزیر اعظم کو نااہل کردیا دوسرے نے بڑی مشکل سے جان بچائی ۔۔۔6کروڑ ڈالر آگئے کیا؟
ہمیں اس سے غرض نہیں کہ ڈالر آئے یا نہیں ۔۔۔ہم نے کیس کا میرٹ پر فیصلہ دیا۔۔
کیسا میرٹ ۔۔کیا آپ کو نہیں معلوم تھا کہ اب مقدمہ کھولنے کا ٹائم ختم ہوچکا ہے؟
یہ ہمارا موضوع نہیں تھا۔۔ہمارے سامنے صرف خط لکھنے کا معاملہ تھا۔۔
لکھا گیا خط اور آگئے پیسے واپس۔۔۔۔؟
کیا ویسا ہی فیصلہ جیسا ای او بی آئی کرپشن کیس میں دیا؟
اس میں بھی ہم نے ریکوری کرائی۔۔
ریکوری اہم تھی یا کرپشن کی جڑ کاٹنا اہم تھا مائی لارڈ؟
یہ حکومتوں کا کام ہے ۔۔
اگر حکومتوں کا کام ہے تو آپ یہاں کیوں مشق کرتے ہیں۔۔
آپ نے ڈی ایچ کے خلاف ای او بی آئی کیس میں فیصلہ دیا ۔۔آپ نے ایڈن ہاؤسنگ اور علیم خان کے خلاف فیصلہ دیا ۔۔کیا ہوا سب کا ۔۔؟آپ کو معلوم ہے ۔ڈی ایچ اے ویسے ہی پراپرٹی کاکام کررہا ہے ۔ایڈن ہاؤسنگ نے بھی کروڑ جمع کراکے اکاؤنٹ بحال کرالیے ۔۔اب بھی ان کے متاثرین ذلیل ہورہے ہیں ۔۔۔اور تو اور یہ فیصلہ دینے والے آپ کے سابق چیف جسٹس افتخار چودھری نے اسی  ایڈن کے مالک کے گھر اپنی بیٹی کا رشتہ کردیا۔۔کیا آپ کو معلوم ہے مائی لارڈ۔۔
یہ ان کا نجی معاملہ ہے ۔۔۔ہم یہاں عدالت کے اندر جج ہیں ۔۔باہر انسان
حضور آپ نے دھرنے والوں سے شاہراہ دستور خالی کرانے کا حکم بھی تو دیاتھا؟
وہ فیصلہ نہیں تھا ۔۔وہ مصالحت سے حل کی کوشش تھی؟
مصالحت؟ مائی لارڈ عدالتیں کب سے مصالحتوں کا کام کرنے لگیں؟
آپ کیا کہناچاہتے ہیں جنٹل مین۔۔؟کیا ہم غلط کام کررہے ہیں؟
نہیں حضور میری کیا مجال کہ میں آپ کی شان میں گستاخی کروں۔۔میں تو صرف اتنا کہہ رہا ہوں کہ جس میڈیا کو دیکھ کر آپ پبلسٹی کےلیے ازخود نوٹس لیتے ہیں اسی میڈیا پر اس نوٹس کو سیاسی بھی کہا جارہا ہوتا  ہے اس پر کیوں توجہ نہیں دی جاتی؟
آپ بیٹھ جائیں ۔۔آپ حد سے بڑھ رہے ہیں۔۔۔
مائی لارڈ ۔۔میں بیٹھ جاؤں گا لیکن آپ کے فیصلے ریاستی مشینری کو جام کررہے ہیں۔۔۔انہیں کام نہ کرنے کا جواز دے رہے ہیں۔۔؟
اگر ریاست غلط کام کرے گی تو اسے روکنا ہمارا کام ہے ۔۔۔
بجا فرمایا حضور ۔۔آپ ہی کو زیب دیتاہے لیکن ۔۔۔۔ریاست کے فیصلے سے متاثر ہونے والے ہر شخص اور ادارے کو اسٹے دینا لازمی ہے ۔۔کیا ریاست کے اس فیصلے کو بحال رکھتے ہوئی کیس نہیں سنا جاسکتا؟ اگر پیمرا نے کسی چینل کا لائسنس منسوخ کیا تو کیا اگلے ہی دن بغیر کسی کو سنیں اس کو بحال کرنا ضروری ہے؟ اگر الیکشن ٹریبیونل نے 15مہینے کی محنت سے کسی کو نااہل قراردیا ہے تو اس کو فوری بحال کرنا آپ کی ذمہ داری کیوں ہے؟اگر حکومت پیمرا ممبران کو کسی وجہ سے نکالتی ہے تو کیا اگلے ہی سانس میں ان کی بحالی ناگزیر ہے؟اگر الیکشن کمیشن نے کسی کی جعلی ڈگری ثابت کردی ہے تو ایک دن بعد آپ کے پاس آنے سے وہ کیسے اصلی بن جاتی ہے مائی لارڈ ۔۔مائی لارڈ ۔۔۔یہ کیسا عدالتی سسٹم ہے۔۔۔

آپ حد سے گزر گئے ۔۔آپ اس عدالت کی توہین کررہے ہیں ۔۔۔آپ پر توہین عدالت کا کیس چلے گا۔۔۔۔۔

Twitter @ajtabassum
Email:.   abdul.jabbar@expressnews.tv

No comments: